close-view-of-mayan-calendar

دعائے جوشن کبیر سے مشکلات کا حل

قارئین کرام ! السلام علیکم بے حد درود و سلام محمدؐ و آل محمدؐپر اور بے حد و حساب حمد و ثناء اس رب کائنات کیلئے جس کا ہر اسم “اسم اعظم”کا درجہ رکھتا ہے۔ وہ اللہ وہ ہے جس کا کوئی ہمسر و ثانی نہیں ہے۔ جو زبردست ، صاحب عزت ، بے عیب اور ہر مشکل وقت میں اپنے بندے کو امان دینے والا بہت کبریائی کا مالک ہے۔ سورہ حشر آیت ۲۴میں یزبان وحی ارشاد ہوا ہے “وہ ایسا خدا ہے جو پیدا کرنے والا ، ایجاد کرنے والا اور صورتیں بنانے والا ہے“۔

زمین و آسمان کا ہر ذرہ اسی کیلئے محو تسبیح ہے اور وہ صاحب عزت و حکمت ہے ۔ قارئین کرام یوں تو پروردگار عالم کے ۹۹ صفاتی نام زیادہ مستعمل ہیں۔ مگر جو دعائیں محمدؐ و آل محمدؐ کے توسل سے ہم تک آئیں ان میں پروردگار عالم کے اور بھی کئی نام موجود ہیں اور یہ تمام نام در حقیقت بنی نوح بشر کی بھلائی و فلاح کیلئے تعلیم فرمائے گئے تاکہ انسان اپنی حاجت روائی کیلئے بہتر سے بہتر انداز میں پروردگار عالم سے اپنی حاجات طلب کر سکے ۔ ان دعاؤں میں اسمائے حسنہ کے حوالے سے سب سے ممتاز دعائے جوشن کبیر ہے۔ اس دعا کا شان نزول کچھ یوں ہے کہ ایک جنگ کے دوران جبرائیل ؑ نبی پاکؐ کے لئے یہ دعا اس وقت لے کر آئے جب آپ بھاری بھر کم زرہ پہنے ہوئے تھے اور کہا کہ پروردگار عالم ارشاد فرماتا ہے کہ آپ یہ دعا پڑھیں یہ آپ کے اور آپ کی امت کیلئے ذریعہ حفظ و امان ہے اور یہ زرہ اتار دیجئے۔ یہ دعا آپ کو اس سے بے نیاز کر دے گی۔ ایک روایت میں ہے کہ امام زین العابدین ؑ نے ارشاد فرمایا۔ مجھے میرا والد گرامی امام حسین ؑ نے بتایا کہ کہ ان کے والد گرامی حضرت علی ؑ نے ارشاد فرمایا کہ میں اسے اپنے کفن پر لکھوں اور اپنے اہل کو اس کی تعلیم دوں۔ اس دعا کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں ۱۰۰فصلیں ہیں اور فصل میں دس اسم اعظم ہیں یعنی اس دعا میں کل ایک ہزار اسم اعظم ہیں ۔ امام پاک کے ارشاد گرامی سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ یہ دعا نہ صرف دنیا میں بلکہ آخرت میں بھی مومنین کیلئے حفظ و امان کا باعث ہے۔

قارئین کرام ! آج آپ کو اس دعا سے استفادہ کا ایک مختصر جامع اور مجرب طریقہ بتا تا ہوں اور ہر بند کے خواص کی وضاحت بھی کرتا ہوں کہ کون سا بند کس مقصد کیلئے ورد کرنا مفید ہو گا۔
عمل نو چندی جمعرات یا اتوار سے شروع کریں ۔ روز اول دو رکعت نماز حاجات ہدیہ امام صاحب الزمان ؑ ادا کریں اور برائے قبولیت عمل کسی زرد رنگ کی مٹھائی پر نیاز ڈلوائیں اب اپنے مقصد کے بند کور روزانہ بعد از نماز فجر گیارہ مرتبہ ورد کریں۔ انشاء اللہ چند ہی دنوں میں آپ مقصد میں کامیابی حاصل کر لیں گے۔ بوقت ورد پاس اگر بتی ضرورروشن کریں ۔اپنی اور جگہ کی پاکیزگی کا خاص خیال رکھیں۔
بند نمبر۱: برائے وسعت علم، زیادتی عزت و فتح و کامرانی کیلئے ورد کریں۔
بند نمبر۲: برائے بلندی درجات، فتح و کامیابی، بخشش و قبولیت۔
بند نمبر۳: برائے امداد ربی، رزق ، عزت و نصرت۔
بند نمبر۴: برائے عزت دین و دنیا۔
بند نمبر۵: برائے حصول رحمت و نعمت ، عزت و بزرگی، بخشش ، امداد ربی۔
بند نمبر۶: برائے حصول نعمات و اجابت دعا، حصول مراتب۔
بند نمبر۷: برائے تحفظ، حصول درجات، دافع بلا، رہائی محبوس زندان۔
بند نمبر۸: برائے امان عذاب دنیا و آخرت ، حصول خوشنودی خدا، نعمت و فضل۔
بند نمبر۹: برائے دافع بلا و حفاظت: مصائب، زیادتی نعمت، شفاعت۔
بند نمبر۱۰: برائے حصول رزق ، دافع سختی، مصائب، حصول رحمت۔

قارئین کرام: اپنے مقصد سے مطابقت رکھنے والے بند کا یا پوری دعائے جوشن کبیر کا نقش اپنے پاس رکھنا اور پھر ورد کرنا آپ کے مقصد کے حصول میں انتہائی معاون ہو گا۔ دعائے جوشن کبیر کا نقش کاروبار کی جگہ یا مکان میں آویزاں کرنا انتہائی خیر و برکت و حفظ و امان کا باعث ہے۔